پڈوبیدری،23 / جون (ایس او نیوز) گیس سلینڈروں کو ٹرک میں لوڈ کرنے والے دو ملازمین کو گھریلو سلینڈروں سے گیس چرا کر کمرشیل سلینڈروں میں بھرنے کے الزام میں پولیس نے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر کاپ کے فوڈ انسپکٹر ایم ٹی لیلا نندا اور پڈوبیدری اسٹیشن ہاوس آفیسر پرسنّا نے کل صبح 6 بجے سمنیو ایچ پی گیس ایجنسی کے قریب چھاپہ ماری اور گرفتاری کی کارروائی انجام دی ۔ گرفتار شدہ ملازمین کا تعلق راجستھان سے بتایا جاتا ہے ۔
گیس ایجنسی کی مالک ودیا ایس ہیگڑے اور لوڈنگ کرنے والے ملازمین سریندرا کمار، سکھدیو اور دیوارام کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے ۔ سکھدیو اور سریندرا کمار کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ دیوارام فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ پولیس موقع پر سے 11 گھریلو اور 4 کمرشیل سلینڈرس ضبط کیے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایجنسی کے ملازمین ایک دن پہلے شام کو ہی دوسرے دن سپلائی کرنے کے لئے سلینڈرس گاڑی میں لوڈ کرتے تھے ۔ پھر رات کے وقت ہر گھریلو سلینڈرس سے دو تین کلو گرام گیس نکالتے اور کمرشیل سلینڈر میں بھرتے جاتے تھے ۔ پھر یہ کمرشیل سلینڈر بازار میں فروخت کیے جاتے تھے ۔
پولیس نے بتایا کہ ایک پوری طرح بھرے ہوئے اور مہر بند (سیلڈ) گیس سلینڈر کا وزن 30 کلو گرام ہونا چاہیے ، لیکن موقع پر پائے گئے سلینڈروں کا وزن 27 کلو گرام تھا ۔ گرفتار کیے گئے ملزمین گزشتہ دو سال سے گیس ایجنسی میں ملازمت کر رہے تھے اور اس طرح گیس چوری کرنے کا کام گزشتہ تقریباً ڈیڑھ سال سے کر رہے تھے ۔